مقبوضہ بیت المقدس ۔23نومبر:اقوام متحدہ کے مندوبین اور انسانی حقوق کے عہدیداران نے اسرائیلی ریاست کے ہاتھوں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کی شدید مذمت کرتے ہوئےانہیں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔انسانی حقوق کے ماہرین نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے مکانات اور جائیدادوں کے انہدام کو فوری طور پر روکے اور اس حوالے سے بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کی تعمیل کرتے ہوئے فلسطینی آبادی کو تحفظ فراہم کرے۔اقوام متحدہ کے مندوب مائیکل لنک نے ایک بیان میں کہا کہ 1967 ء کے بعد سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال کافی خراب ہوئی ہے اور اسرائیلی حکومت نے فلسطینیوں کی املاک کی مسماری کی مہم مزید تیز کرتے ہوئے فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔انسانی حقوق کے مندوبین مائیکل لنک اور اقوام متحدہ کے خصوصی ہائی کمشنر برائے ہائوسنگ امور بالا کرشنن راج گوپال نے فلسطینی بدو برادری میں فلسطینی مکانات اور جائیدادوں کے قبضے کی مذمت کی ہے۔ اس ماہ کے آغاز میں مغربی کنارے میں شمالی وادی اردن میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی غیرمنقولہ جائیدادوں کا سلسلہ تیز کر دیا تھا۔انہوں نے کورونا کی وبا کے دوران گھروں اور املاک کو مسمار کرنے کے انداز کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔
