اقوام متحدہ 2021 میں ترقی پذیر ممالک کو 2 ارب کورونا وائرس کی ویکسینز فراہم کرے گا

Momin Masood

اقوام متحدہ۔23نومبر:اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم برائے اطفال یونیسیف کے مطابق آئندہ سال کے دوران کورونا وائرس کی 2 ارب ویکسینز ترقی پذیر ممالک کو مہیا کی جائیں گی۔پیر کو یونیسیف کے سپلائی ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ یونیسیف کوویکس پروگرام کے تحت دنیا بھر کی 350 ائیرلائنز اور لاجسٹک کمپنیوں کے ساتھ شراکت میں ویکسینز اور ایک ارب ٹیکے ترقی پذیر ممالک کو فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کرے گی۔ادارے کی سپلائی ڈویژن کی ڈائریکٹر ایتلیوا کادیلی کے مطابق یونیسیف کی شراکت داری کے نتیجے میں ہم اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ کورونا کی ویکسین کی دنیا بھر میں فراہمی کے تاریخی مشن کو احسن طریقے سے انجام دیا جائے۔کوویکس پروگرام عالمی ادارہ صحت اور دیگر عالمی تنظیموں کا ایک ایسا پروگرام ہے جس کے تحت کورونا ویکسین کی ضرورت مند ممالک اور افراد تک بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے جی 20 سمٹ میں دنیا کی 20 مضبوط ترین معیشتوں والے ممالک کے رہنمائوں نے اس بات کا ایادہ کیا ہے کہ کرونا کی ویکسین کو منصفانہ طریقے سے دنیا بھر میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ملک کو اس معاملے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔