انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کا کوڈ -19 ٹیسٹ مثبت آگیا

Momin Masood

جوہانسبرگ۔19نومبر:انگلینڈ کے خلاف محدود اوورز کی سیریز سے قبل جنوبی افریقن ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ قریبی رابطے میں رہنے والے دو دیگر افراد کو کیپ ٹاؤن میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پچاس کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ لئے گئے تھے جن میں سے ایک کھلاڑی کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور اس کے کھلاڑی اور اس کے ساتھ رابطے میں رہنے والے دو دیگر افراد کو الگ تھلگ کر دیا گیا ہے اور اس دوران ڈاکٹران کی مکمل نگرانی جاری رکھیں گے تاکہ ان کی صحت اور تندرستی کو یقینی بنایا جاسکے۔جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز 27 نومبر سے شروع ہوگی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی ۔ تمام میچز بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ کا سکواڈ اپنی تیاریوں کا آغاز کرنے کے لئے پہلے ہی جنوبی افریقہ پہنچ چکا ہے اور وہ (کل)ہفتہ کو کیپ ٹاؤن میں 50 اوور وارم اپ میچ کھیلے گا۔